• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3 گاڑیاں، 24 موٹر سائیکل غائب، لاکھوں کے ڈاکے چوریاں

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 15موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز،نقدی اوردیگراشیاء سے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہری تین گاڑیوں، 9موٹر سائیکلوں لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون ،لیپ ٹاپ اور دیگر سامان سےمحروم ہوگئے ۔ مزاحمت پر ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔تھانہ پیرودھائی کے علاقہ بنگش کالونی میں دونامعلوم ملزمان شہزاد احمد کے گھرکے کارپورچ سے اس کا موٹر سائیکل باہر نکال رہے تھے اس دوران شہزادکے شور کرنے پر دونوں ملزموں نے اسلحہ نکال لیا شور سن کر پڑوسی فیض بھی آ گیا،ملزمان ان دونوں کے موبائل، نو ہزار روپے اورموٹر سائیکل چھین کرلے گئے۔ کمرشل مارکیٹ میں تین موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر سلمان ذاکر کا موبائل مالیتی ایک لاکھ 10 ہزار روپے چھین کرفرار ہو گئے۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ ڈھوک مائی سرورمیں محمد اکرم اللہ کے گھر کے تالے توڑکر 16ہزار روپے، سونا مالیتی 5 لاکھ 35ہزار روپے ، کپڑے، جوتے مالیتی 17ہزار روپے اڑا لیے گئے۔ تھانہ کورال کی حدود سے زبیر اور اس کے بیٹے سے اسلحہ کی نوک پر 4 لاکھ روپے ، 5 موبائل فون اور ضروری کاغذات چھین لئے گئے اور مزاحمت پر فائر مار کر زبیر کے بیٹے کو زخمی کر دیا گیا۔ تھانہ آبپارہ کی حدود سے شکیل احمد سے اسلام آباد پولیس کا اہلکار ظاہر کر کے تلاشی کے بہانے نقدی 45 ہزار روپے ،کھنہ کی حدود سے طارق کی نقدی 2 لاکھ 50 ہزار روپے ، تھانہ نون کی حدود سے مریم کا لیپ ٹاپ نامعلوم چور لے اڑے۔ دیگر وارداتیں پیرودھائی، نیوٹاؤن، ائرپورٹ ، ٹیکسلا ، صدرواہ ، کینٹ ، سول لائنز ، سٹی، دھمیال ، روات ، لوہی بھیر ، آبپارہ ، کوہسار ، کورال، آبپارہ ، کراچی کمپنی ، تھانہ نون کی حدود میں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید