• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹیسٹ اور سات وکٹیں، توقع نہیں تھی اللّٰہ کا اتنا کرم ہوگا، ابرار

ملتان (نمائندہ خصوصی) مسٹری اسپنر ابرار احمد نےکہا ہے کہ میچ سے قبل شام کو ثقلین مشتاق بھائی نے بتایا تھا کہ میں ٹیسٹ کھیل رہا ہوں اور رات پرسکون سویا۔ صبح جب زیک کرالی کو آؤٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی تو ساتھیوں کا خیال تھا کہ وہ وکٹ سب سے یادگار تھی لیکن مجھے بین اسٹوکس اور جو روٹ کی وکٹ حاصل کرکے مزہ آیا۔ خواہش تھی کہ ٹیسٹ ڈیبیو پر دونوں کو آؤٹ کروں، اللہ نے بڑا کرم کیا۔ اس بار دس وکٹیں نہ لے سکا لیکن آئندہ کوشش ہوگی کہ اننگز میں دس کھلاڑی آؤٹ کروں اور میچ کی دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لوں۔ جمعے کی شام پریس کانفرنس میں ابرار احمد نے کہا کہ ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش تھی اور ایسی توقع نہ تھی کہ اللہ تعالی کا اس قدر کرم ہوگا۔ مجھے پنڈی میں بھی ٹیسٹ کھیلنے کی امید تھی لیکن جو ہوتا ہے بہتری کے لئے ہوتا ہے۔ کسی بھی کھلاڑی کے لئے اس سے اچھی بات نہیں ہوسکتی کہ پہلا ٹیسٹ کھیلے اور سات وکٹیں حاصل کرے۔ سرفراز احمد بھائی سے بھائیوں والا رشتہ ہے۔ سیفی بھائی نے یہی کہا تھا کہ عام میچوں کی طرح کھیلوں اور سندھ کے میچوں کی طرح لوں۔ لیگ اسپنر ہوں اور روی چندر ایشون آف اسپنر ہیں اس لئے میرا ان سے کوئی موازنہ نہیں ہے ۔کوشش کروں گا کہ اپنے کیریئر کو طول دوں میرے والدین میری اس کارکردگی پر سب سے زیادہ خوش ہوں گے۔