• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: سیلاب زدگان کیلئے کنسرٹ، سائرہ پیٹر کی شاندار پرفارمنس

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

ہنر کدہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد کی جانب سے جمال شاہ نے سیلاب زدگان کے لیے کنسرٹ کا اہتمام کیا جس میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے شاندار پرفارمنس کے ذریعے میلہ لوٹ لیا۔

دیگر فنکاروں میں نعمان لاشاری، جیا نعمان اور نادر عباس نے بھی آواز کا جادو جگایا۔ اس موقع پر پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایوب جمالی اور جمال شاہ نے چیرٹی پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

عالمی شہرت یافتہ اداکار اور پینٹر جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے آرٹ ایڈ اور سارہ فاؤنڈیشن لندن کے تعاون سے بلوچستان کے سیلاب زدگان کی مدد کی اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ فنکاروں نے ہمیشہ کڑے وقت میں قوم کا ساتھ دیا ہے۔‘

لندن سے آئی ہوئی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان آتی ہوں۔ بے شمار خوشیاں اور محبتیں سمیٹ کر جاتی ہوں۔ اس بار میں خود بلوچستان بھی گئی اور جمال شاہ کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کی مدد کرکے دل کو سکون ملا۔‘

انہوں نے کہا کہ میں لندن میں رہتی ہوں لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے۔

سائرہ پیٹر نے پی این سی اے میں منعقدہ کنسرٹ میں اپنی آواز میں کلاسیکل موسیقی اور گیت غزل گا کر محفل لوٹ لی۔ اسلام آباد والوں نے ان کی عمدہ گائیکی پر بھرپور داد دی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید