• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’دی لیجینڈآف مولا جٹ‘‘نے انڈسٹری کے ٹائی ٹینک کو ڈوبنے سے بچا لیا

سال 2022 لالی ووڈ کے لئے دھوپ چھاؤں کی مانند رہا، کچھ فلموں نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے تو کچھ اپنا جادو چلانے میں ناکام رہیں۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کو کچھ نئے ستارے میسر آئے، زاہد احمد، سید جبران، عمران اشرف، جنت مرزا، امر خان اور صائمہ بلوچ نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ 

رواں سال کے آغاز کے چند مہینے کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی تاہم بعدازاں ہستہ آہستہ فلموں کی ریلیز کا سلسلہ شروع ہوا، لیکن ان میں کوئی بھی کامیاب نہ ہوسکی۔

عیدالفظر کے موقع پر پانچ فلمیں گھبرانا نہیں ہے،دَم مستم، چکر، پردے میں رہنے دو اور تیرے باجرے دی راکھی ایک ساتھ ریلیز کی گئیں، جس کی وجہ سےسب فلموں کا باکس آفس بزنس تقسیم ہوگیا تھا۔

گھبرانہ نہیں ہے اور دم مستم نے تھوڑا بہت بزنس کیا اور شاید فلم کی لاگت مکمل کی،باقی تینوں فلموں نے باکس آفس پر کوئی رنگ نہیں دکھایا۔

عیدالفطر پر فلم سازوں اور سینما مالکان کے درمیان جنگ شروع ہوئی، جس کی وجہ سے بھی پاکستانی فلموں کو خاصا نقصان اُٹھانا پڑا اور رہی سہی کسر ہالی وڈ کی فلم ڈاکٹر اسٹرینج نے پُوری کر دی۔

2022ء میں فلموں کی ریلیز کے معاملے میں کچھ تنازعے بھی سامنے آئے۔ ’قائداعظم زندہ باد‘ کی تعارفی تقریب میں فلم کے ڈسٹری بیوٹر کا نام پوسٹر سے ہٹا دیا گیا، جس پر ایور ریڈی پکچرز نے فلم ساز فضا علی میرزا اور ہدایت کار نبیل قریشی کو کورٹ سے نوٹس جاری کر دیا تھا۔

بعدازاں معاملات طے ہوگئے، تو فلم ریلیز کی گئی۔ اسی طرح فلم جوائے لینڈ بھی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد ریلیز کی گئی۔

2022ء کی نمایاں فلموں کا جائزہ لیا جائے تو رواں سال کی سب سے بڑی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ رہی۔ اس نے پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اس فلم نے تقریباً 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔ 

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کمائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جلد یہ فلم انڈیا میں بھی ریلیز کی جائے گی۔

دُوسرے نمبر پر عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی ہمایوں سعید اور ندیم بیگ کی فلم ’لندن نہیں جائوں گا‘ ثابت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’قائداعظم زندہ باد‘ سینما گھروں کی زینت بنی۔ لیکن ان دونوں فلموں نے بہت زیادہ بزنس نہیں کیا جبکہ بڑی عید پر ریلیز ہونے والی تیسری فلم لفنگے تھی، جو بُری طرح فلاپ ثابت ہوئی۔

2022ء میں ریلیز ہونے والی دیگر فلموں میں نامور ہدایت کار سرمد کھوسٹ اور باکمال اداکارہ صبا قمرکی ’کملی‘، سعیدہ امتیاز کی ’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘، یاسر حسین کی مزاحیہ ’فلم پیچھے تو دیکھو‘، ہدایت امین اقبال اور عائشہ عمر کی فلم ’رہبرا‘، احسن خان اور نیلم منیر کی ’چکر‘، ژالے سرحدی اور عدنان صدیقی کی ’کرما‘، علیزے نصیر اور سمیع خان کی ’یاراوے‘ ، ہدایت کار صائم صادق کی ’جوائے لینڈ‘، ہدایت کار اور اداکار شان کی فلم ’ضرار‘، فرحان سعید اور ایمان علی کی فلم ’ٹچ بٹن‘ اور صنم سعید اور سارہ لورین کی فلم ’عشرت میڈ اِن چائنا‘ وغیرہ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید