• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے بنی جے آئی ٹی میں اندرونی اختلافات

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی میں اندرونی اختلافات سامنے آ گئے۔

عمران خان پر حملے کی تفتیش سی سی پی او نے اینٹی کرپشن کے ایک افسر کو سونپ دی ہے۔

جے آئی ٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن میں تعینات انور شاہ ملزم سے اس کیس کی تفتیش کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کے کسی ممبر کو ملزم سے تفتیش یا پوچھ گچھ نہیں کرنے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جے آئی ٹی کے 4 ممبران نے موجودہ تفتیش سے اختلاف کر دیا ہے اور اس حوالے سے محکمۂ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے۔

جے آئی ٹی نے تحریری طور پر محکمۂ داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے، جے آئی ٹی ارکان کا ملزم نوید سے سی سی پی او اور انور شاہ کی طرف سے کی گئی تفتیش سے اختلاف ہے۔

اختلاف کرنے والے ارکان میں خرم شاہ، نصیب اللّٰہ، احسان اللّٰہ اور ملک طارق محبوب شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 نومبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید