• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی: ن لیگی رہنماؤں کو داخلے سے روکنے کی کوشش

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو داخلے سے روکنے کی کوشش کی گئی اور سیکیورٹی حکام نے گیٹ کھولنے سے انکار کر دیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عطاء تارڑ پنجاب اسمبلی میں داخل ہو گئے۔

اس موقع پر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے غیر آئینی حکم دیا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ بوکھلاہٹ کی وجہ اعتماد کے لیے ووٹ پورے نہ ہونا ہے، اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا پڑے گا، آج اجلاس بلانے کا مقصد ہیرا پھیری کی کوشش ہے۔

دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو روکے جانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

عطاء تاڑر کی گاڑی کو داخلے سے روک دیا گیا

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تاڑر کی گاڑی کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر تلخ کلامی کے بعد پولیس کی نفری بھی اسمبلی گیٹ پر پہنچ گئی تھی۔

بعد ازاں لیگی ارکان زبردستی گیٹ کھلوا کر عطاء اللّٰہ تاڑر کی گاڑی کو اندر لے گئے تھے۔

کسی وفاقی وزیر کے داخلے پر پابندی نہیں: ترجمان

پنجاب اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی وفاقی وزیر کی پنجاب اسمبلی داخلے پر کوئی پابندی نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر رانا ثناء اللّٰہ اور عطاء تارڑ اسمبلی کے احاطے میں موجود ہیں۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ وفاقی وزراء کو پنجاب اسمبلی آنے سے روکا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید