• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی 8 اور خیبرپختونخوا کی 14 رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھالیا، صنعت کار، ریٹائرڈ بیوروکریٹس سمیت اہم شخصیات شامل

لاہور‘پشاور(ایجنسیاں)پنجاب کی 8اور خیبر پختونخواکی 14رکنی نگراں کابینہ نے حلف اٹھالیا‘ کابینہ ارکان میں صنعت کاروں‘ریٹائرڈ بیوروکریٹس سمیت اہم شخصیات کو شامل کیاگیاہے ۔این این آئی کے مطابق خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں ارب پتی خاندانوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے، بیشتر وزرا کا تعلق جے یو آئی سے ہے ۔کے پی کی نگراں کابینہ میں مالدارافراد بھی شامل ہیں،ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے منظور آفریدی کا شمار مولانا فضل الرحمان کے انتہائی قریبی رفقا میں ہوتا ہے ۔ارب پتی منظور آفریدی کے مختلف کاروبار ہیں جبکہ ان کی کئی قیمتی پراپرٹیز بھی ہیں، ضلع خیبر سے ہی تاج محمد آفریدی کو بھی نگران وزیر بنایا گیا ہے، تاج محمد آفریدی بھی ارب پتی ہیں ۔اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے حاجی غفران سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان کے سمدھی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے قریبی ساتھی ہیں ، وہ پیشے کے لحاظ سے صنعتکار ہیں اور ان کے بھی اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شاہد خان خٹک پیشے کے اعتبار سے ٹھیکیدارہیں اور ان کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے ، یہ بھی صاحب ثروت ہیں۔ صوبائی وزیر فضل الہی بھی صنعت کارہیں اور مالدار شخصیت ہیں ، اس کے علاوہ ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے محمد علی شاہ مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں جبکہ امیرمقام کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں ۔ صوبائی وزیر بخت نواز کا ضلع بٹگرام سے ہے اوران کے خاندان کا شمار بھی علاقے کی امیر ترین فیملیز میں ہوتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی8رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔تقریب جمعرات کو گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نگران کابینہ سے حلف لیا۔حلف اٹھانے والی نگران کابینہ میں ایس ایم تنویر،ڈاکٹر جاوید اکرم، ابراہیم مراد،بلال افضل ،ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصراور عامر میر شامل ہیں۔ ادھرگورنرہاؤس پشاور میں نگران صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری کے دوران نگراں صوبائی حکومت کے 14 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزرا اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزرا سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ بحیثیت نگران صوبائی وزیر حلف لینے والوں میں عبدالحلیم قصوریہ، سید مسعود شاہ، حامدشاہ، ایڈووکیٹ ساول نذیر، بخت نواز،فضل الہی، عدنان جلیل، شفیع اﷲ خان، حاجی غفران، خوشدل خان ملک، تاج محمدآفریدی، محمدعلی شاہ، جسٹس (ر)ارشاد قیصراور شاہد خان خٹک شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید