• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام آدمی پر کم بوجھ، ڈارIMF سے ایسی شرائط چاہتے تھے، مصدق ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مشاہد حسین سید جس حکومت کو لولی لنگڑی کہہ رہے ہیں اسی کا حصہ ہیں، مشاہد حسین سید کو اختلاف ہے تو حکومت سے علیحدہ ہو کر تنقید کریں، اسحاق ڈار نے نیک نیتی سے آئی ایم ایف سے متعلق پالیسی بنائی تھی، اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے ایسی شرائط چاہتے تھے جس کا عام آدمی پرکم بوجھ آئے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی اور صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار شعیب شاہین بھی شریک تھے۔ مشرف زیدی نے کہا کہ ملک میں سیاسی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہے،اسحاق ڈار فارمولے کی وجہ سے معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے،پشاور حملے کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جن کا کام پاکستان کو ایسے حملوں سے بچانا ہے،شعیب شاہین نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ سے پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، آزاد عدلیہ کے ہوتے کسی کی مجال نہیں کہ 90دن میں انتخابات کیلئے تاریخ نہ دے،جسٹس سیٹھ وقارکا پرویز مشرف کو آرٹیکل چھ میں سزا کا فیصلہ بہترین تھا اس پر عملدرآمد ہونا چاہئے، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات عمران خان کا نہیں سیکیورٹی ایجنسیوں کا فیصلہ تھا۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ مشاہد حسین سید جس حکومت کو لولی لنگڑی کہہ رہے ہیں اسی کا حصہ ہیں، مشاہد حسین سید کو اختلاف ہے تو حکومت سے علیحدہ ہو کر تنقید کریں، مصطفیٰ نواز کھوکھر کی مثال موجود ہے پارٹی سے اختلاف پر استعفیٰ دیا مگر پھر بھی تنقید نہیں کی۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان آرڈیننس کے ذریعہ حکومت چلارہے تھے، ہم پر آرٹیکل فائیو لگاچکے ہیں آرٹیکل چھ بھی لگا کر شوق پورا کرلیں، عمران خان خود بھی اپنی تحریک کی زد میں آئیں گے ،شوکت ترین کی ملکی سلامتی کے خلاف آڈیو لیک ہوچکی ہے، حکومت نے ابھی تک نہیں کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہورہے، دہشتگردی کیخلاف سخت پالیسی میں تسلسل ضروری ہے تب ہی کامیابی ہوگی۔ مصدق ملک نے کہا کہ اسحاق ڈار نے نیک نیتی سے آئی ایم ایف سے متعلق پالیسی بنائی تھی، اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے ایسی شرائط چاہتے تھے جس کا عام آدمی پرکم بوجھ آئے، تیل کی قیمتوں پر ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کا بھی اثر ہوتا ہے۔سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ اسحاق ڈار فارمولے کی وجہ سے معیشت کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، پچھلے چار مہینے میں ترسیلات زر میں ایک بلین ڈالرز ہر مہینے نقصان ہوا ہے، ڈالر کی قیمت پر کنٹرول کی وجہ سے لوگوں نے ہنڈی کے ذریعہ پیسے بھیجے، آئی ایم ایف ترین سبسڈی کی وجہ سے ناراض تھی انہیں مفتاح اسماعیل نے منالیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید