• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرحوم عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرحوم عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس کی سماعت مدعی مقدمہ کی عدم موجودگی کے باعث  9 فروری تک ملتوی ہوگئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے ملزمہ دانیہ کو عدالت میں پیش کیا۔

ایف آئی اے کے وکیل نے مدعی مقدمہ دعا عامرکا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کی درخواست جمع کرائی۔

وکیل ایف آئی اے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مدعی مقدمہ لاہور میں زیر تعلیم ہے،پیش نہیں ہوسکتی، لہٰذا مدعی مقدمہ کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے رکارڈ کیا جائے۔

ملزمہ دانیہ شاہ کے وکیل لیاقت گبول نے ایف آئی اے کی درخواست پراعتراضات کرتے ہوئے کہا کہ مدعی مقدمہ پاکستان میں ہے اس لئے ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ نہ کرایا جائے بلکہ مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔

ملزمہ کے وکیل کے دلائل کے بعد ایف آئی اے نے دعا عامر کا ویڈیو لنک پربیان ریکارڈ کرنے کی درخواست واپس لے لی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ ملزمہ دانیہ شاہ مرحوم عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے معاملے پر عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

قومی خبریں سے مزید