• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کویت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کھیپ برآمد

کویتی حکام نے چھاپہ مار کر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ برآمد کرلی۔

کویت کی خبر ایجنسی کے مطابق ایک منشیات فیکٹری پر چھاپہ مار کر 3 کروڑ دینار سے زائد کی نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔

کویت کی وزارت داخلہ نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ فورسز نے غیر قانونی طور پر تیار کردہ ڈیڑھ کروڑ گولیاں اور ادویات تیار کرنے والا آدھا ٹن سفوف سعودی عرب سے ملحقہ سرحد کے قریب الوفراہ کے علاقے سے برآمد کیا ہے۔

یہ ایک منشیات تیار کرنے والی فیکٹری تھی جو سفوف سے گولیاں بنا کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتی تھی۔

فیکٹری کو دو ادھیڑ عمر افراد چلاتے تھے جنہیں دو بھارتی اور سری لنکن شہریوں کی معاونت بھی حاصل تھی۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان ایک بین الاقوامی منظم جرائم پیشہ اسمگلنگ گروہ کا حصہ ہیں جو غیر ملک سے سفوف منگوا کر کویت میں نشہ آور گولیاں تیار کرتے ہیں۔

چھاپے کے وقت 80 لاکھ گولیوں کی تیاری جاری تھی جنہیں ایک پڑوسی ملک اسمگل کیا جانا تھا۔

2 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر موجود فیکٹری پچھلے سال سے کام کر رہی ہے۔

منشیات کی سب سے بڑی کھیپ برآمد ہونے کے بعد کویتی پارلیمنٹ کی تعلیمی امور کمیٹی نے ایک مسودہ منظور کیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں اسٹاف اور طلبہ کے منشیات ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید