• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاسوس غبارہ بھیجنے کا الزام، انٹونی بلنکن نے دورہ بیجنگ ملتوی کردیا

واشنگٹن ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) چین کی جانب سے جاسوس غبارہ بھیجے جانے کے الزام کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دورہ چین ملتوی کر دیا ہے، امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا کہ چین نے جاسوس غبارہ امریکا کی فضائی حدود میں بھیجا ہے ، امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے ملتوی ہونے کے اعلان سے کچھ دیر قبل چین نے وضاحت دیتے ہوئے اس معاملے پر معذرت کی اور کہا کہ یہ واقعہ تیز ہواوں کی وجہ سے رونما ہوا جبکہ امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے والا جاسوس غبارہ نہیں بلکہ سولین ائیر شپ (مشینی ہوائی جہاز) تھا ۔ پینٹاگون کے مطابق اس نے ملک کی فضائی حدود میں چین کے جاسوس غبارے کا سراغ لگایا ہے جو شمال مغربی ریاست مونٹانا پر منڈلا رہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سیکریٹری خارجہ نہیں چاہتے تھے کہ چینی حکام سے ملاقات میں صرف جاسوس غبارے کی پرواز کے متعلق بات ہو لہٰذا انہوں نے دورۂ چین ملتوی کر دیا۔بلنکن نے اتوار کے روز سے اپنے دو روزہ دورہ چین کا آغاز کرنا تھا ۔ امریکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو پینٹاگون نے صدر جو بائیڈن کو اس جاسوس غبارے کو فی الحال نشانہ نہ بنانے کی تجویز دی ہے۔ایک سینئر دفاعی عہدیدار جن کو میڈیا سے سرکاری طور پر بات کرنے کی اجازت نہیں، کے مطابق پینٹاگون نے حکام نے یہ تجویز اس لیے دی کہ غبارے کا ملبہ زمین پر گرنے کا خطرہ ہے۔سینئر دفاعی عہدیدار کے مطابق یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ چین کی جانب سے امریکا جاسوسی غبارہ بھیجا گیا ہو تاہم یہ پہلا واقعہ ہے کہ جاسوس غبارہ زیادہ دیر تک فضا میں رہا۔

دنیا بھر سے سے مزید