• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی شوبز شخصیات کا ترکیہ اور دیگر ممالک میں زلزلے کی تباہ کاریوں پر اظہارِ افسوس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی نامور شوبز شخصیات اور کرکٹرز نے ترکیہ اور دیگر ممالک میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ مشی خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے اپنی اس ویڈیو میں ترکیہ، شام اور لبنان میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ابھی ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں کی جو تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھ رہی ہوں وہ دیکھ کر میں کانپنا شروع ہوگئی ہوں اور میں بتا نہیں سکتی کہ میں ابھی کیسا محسوس کررہی ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ان کے پورے شہر زمین بوس ہوتے دیکھے جبکہ کچھ جگہوں پر سونامی آنے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، معلوم نہیں وہاں کے لوگ ابھی کس حال میں ہوں گے۔

اُنہوں نے تمام متاثرین کے لیے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ ان سب پر اپنا رحم فرمائے۔

مشی خان نے کہا کہ یہ سب دیکھ کر ہمارے ملک میں موجود رئیل اسٹیٹ کے لوگوں جوکہ مختلف شہروں میں اتنی بلند و بالا عمارات بنا رہے ہیں ان لوگوں کو ذرا بھی احساس نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ خاص طور پر اسلام آباد جوکہ ارتھکوئیک زون آتا ہے اور وہاں تو 3 سے زائد منزل پر مشتمل عمارت تعمیر کرنے پر پابندی ہے اور یہ لوگ صرف پیسے بنانے کے لیے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے بھی ٹوئٹر پت ترکیہ کے لوگوں سے اس مشکل گھڑی میں اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہمارا دل ترکیہ جیسے خوبصورت ملک کے تمام لوگوں کے ساتھ ہے جوکہ تباہ کن زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں۔ 

اُنہوں نے لکھا کہ اس مشکل وقت میں ہماری محبت اور تعاون ان کے ساتھ ہے۔ 

اُنہوں نے ترک شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ امید اور ہمت آپ کو آگے کی رہنمائی کرے گی، آپ لوگ اس مشکل گھڑی میں اکیلے نہیں ہیں۔

گلوکار، اداکار و میزبان فخرِ عالم  نے اپنے ٹوئٹ میں ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ترکیہ کی صورتحال تشویشناک ہے اور حکّام پہلے ہی بین الاقوامی امداد کی اپیل کر چکے ہیں۔ 

اُنہوں نے لکھا کہ براہ کرم ان تمام لوگوں کے لیے جوکہ اس زلزلے کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں دعا کریں۔

اداکارہ صبا قمر نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ترکیہ، شام اور لبنان میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے ترکیہ اور دیگر ممالک میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ ہم سب پر رحم فرمائے۔

اداکار احسن خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ترکیہ میں 7.8 شدت کے زلزلے سے ہونے والی بڑی تباہی سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعائیں۔ 


شدید زلزلے سے شام اور ترکیہ میں 514 ہلاکتیں

ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس سے مجموعی اموات 514 ہو گئیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

زلزلے سے ترکیہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 440 بتائی جا رہی ہے جبکہ شام میں زلزلے سے اموات 230 سے زائد جبکہ زخمیوں کی تعداد 600 ہو گئی۔

زلزلے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔

زلزلے کے جھٹکے لبنان اور شام میں بھی محسوس کیے گئے اور یونان، اردن، عراق اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید