اسلام آباد (جنگ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری کے لیے الیکشن کمیشن نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو خط لکھ دیا، نیب دستاویزات کے مطابق 1800غیر قانونی سفر کئے گئے، سیاستدانوں نے 588، سرکاری اہلکاروں نے577بار استعمال کیا، تقریبا 20کروڑ کے بقایا جات ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سرکاری ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر عمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری اور انہیں نادہندہ گان قرار دینے کے حوالے سے نیب کو خط لکھ دیا ہے۔نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور دیگر غیر مجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دیا جائے اور نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے، قانون کے مطابق مزید کارروائی کے لیے نادہندگان کی فہرست ریٹرنگ افسران کو بھیجی جائے گی۔نیب دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800غیر قانونی سفر کیے گئے، سیاست دانوں نے 588، سرکاری اہلکاروں نے 577بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا، غیر مجاز افراد کے خلاف 19کروڑ 83 لاکھ اور سیاست دانوں کے ذمے 9کروڑ 68لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں جبکہ سرکاری اہلکاروں پر 5 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وارجب الادا ہے، دیگر افراد کے ذمے 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایاجات ہیں۔ یاد رہےکہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا جس پر مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے۔