کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی کی جانب سے آئین کے تحفظ کی مہم چلانے کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے ،اسد عمر اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواہش پر الیکشن نہیں ہو سکتے ، الیکشن آئین اور قانون کے مطابق ہونے چاہئیں عمران خان اور اس کے حواریوں نے اپنے دور میں آئین کو کئی بار بلڈوز کیا ۔ ان کو آئین و قانون کے بارے میں ککھ پتہ نہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پہلے جیل بھرو تحریک کا تو آغاز کریں ، ہر روز نئے چٹکلے چھوڑ دیتے ہیں ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے کو تیار نہیں، ڈر سے مرہم پٹیاں باندھ کر زمان پارک کے بل میں چھپے ہوئے ہیں ، یہ لوگ جیل بھرو تحریک کیا چلائیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی نام نہاد مقبولیت کے بار تلے دب چکی ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کے اداروں کو بلیک میل کرنے کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے تاکہ انہیں من پسند فیصلے مل سکیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہے ، نااہل ٹولے کی چار سالہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کی معیشت شدید دباؤ میں ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے سیاست، آئین وقانون کو بھی کھیل سمجھا ہواہے اور اپنے کھیل میں وہ ہر روز عجیب و غریب باتیں کرتے ہیں۔