• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران کو پیش ہونا ہوگا، درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) توشہ خانہ فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج پر درج دہشت گردی کے مقدمے میں عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ بائیو میٹرک کیلئے عمران خان کو پیش ہونا ہوگا۔ کل بھی عمران خان کی ایک جعلی پٹیشن سامنے آئی ہے۔ اس درخواست پر بھی یقین نہیں کرسکتے۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل فیصل فرید چوہدری کو ٹرائل کورٹ میں درخواست دینے سے متعلق قانون پڑھنے کی ہدایت کردی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے اس کیس میں متعلقہ عدالت سے ضمانت کرالیں پھر دیکھیں گے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات خارج کرنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید