پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے شعیب ملک اور عمران طاہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ان کے تجربے سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران محمد رضوان نے کہا کہ میں مزید 20 سال بھی کرکٹ کھیلوں تب بھی عمران طاہر اور شعیب ملک کے تجربے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جب شعیب ملک اور عمران طاہر اوور کر رہے تھے تو مجھے کھیلنے میں مشکل ہو رہی تھی۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جس طرح یہ دونوں اسپنرز گیند بازی کر رہے تھے میرے پاس ان کی بولنگ کا کوئی جواب نہیں تھا کہ ان کو کیسے ہیٹ کروں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچ اچھی تھی، شان مسعود کے بیٹ پر گیند آ رہا تھا، تاہم جیمز ونس جس طرح پاور پلے میں کھیلے وہ مشکل مرحلہ تھا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کھیلے گئے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست ہوئی تھی۔