پی ٹی آئی کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں، کارکنوں کو کہا ہے کہ چیئرمین تحریکِ انصاف کی حفاظت کے لیے پہنچ جائیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔
پی ٹی آئی کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ اور ان کے لوگوں نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری کی دھمکیوں کو دیکھیں۔
مسرت چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی کارروائی ہوتی ہے تو وہی لوگ ذمے دار ہوں گے جو پہلے نامزد کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ عدالت سے اپیل ہے کہ عمران خان کو پیشی سے استثنیٰ دیا جائے، ان کی جان کو خطرہ ہے۔