چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام سابق آرمی چیف کی جانب سے مجرموں کومسلط کرنے کی قیمت چکا رہے ہیں۔
عمران خان نے مائیکروبلا گنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ پی ڈی ایم حکومت کے11 ماہ میں روپے کی قدر 62 فیصد گرچکی ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’روپے کی بے قدری سےقرضوں میں 14ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور آج مہنگائی 75 سال کی بلند ترین سطح پر ہے‘۔
واضح رہے کہ ڈالر نے اچانک اونچی اڑان بھرنی شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے روپیہ اپنی قدر پھر گنوا رہا ہے اور آج صبح کاروبار کے آغاز میں ہی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا۔
انٹر بینک میں ڈالر 18روپے 89 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 285 روپے کا ہو گیا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر فروخت کرنے والا 291 روپے مانگ رہا ہے۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 266روپے 11 پیسے پر بند ہوا تھا۔