• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو صوبوں کی بجائے پورے ملک میں انتخابات ہوں، سب سے بات اور سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، عمران خان

لاہور (نمائندہ جنگ،جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ ہفتے کے دن سے انتخابی مہم/ جلسے شروع کرنے کا اعلان کردیا، عمران خان نے کہا کہ جب تک پاکستان کے اندر قومی انتخابات سے حکومت نہیں آتی سیاسی استحکام نہیں آئیگا ،معاشی استحکام نہیں آسکتا، دو صوبوں کی بجائے پورے ملک میں انتخابات کرائے جائیں، سب سے بات اور سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، جنہوں نے مجھ پر حملہ کرایا ملک کی خاطر انہیں معاف کرنے کیلئے تیار ہوں، اس بار خود پارٹی ٹکٹس دے رہا ہوں، مجھے آخری بارپتہ چلا تھا کہ ٹکٹس فروخت ہوئے جنہیں عام انتخابات میں ٹکٹ نہیں مل سکیں گے انہیں بلدیاتی انتخابات میں اکاموڈیٹ کرینگے،جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کریگا اسے نکال دینگے،جب تک وہ حکومت نہیں آتی جس پر عوام اعتماد کریں ملک اس دلدل سے نہیں نکل سکتا، ملک کے 60فیصد حصے میں انتخابات کی بجائے جنرل انتخابات کرا دینگے ،خیبر پختوانخواہ اور پنجاب میں سارے پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں تیاری کریں ،میں دو ہفتوں تک ٹکٹس بانٹ دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور، راولپنڈی پر جمع رہنمائوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارے ادارے کہہ رہے ہیں پاکستان نیچے کی طرف جارہا ہے اور ڈیفالٹ کرنے لگا ہے مشکلات سے نکلنا ہے تو ملک کو متحد ہو ناپڑیگا ہم نے اپنے خرچے کم کرنے ہے ، ہر وہ ادارہ جو بوجھ بنا ہوا ہےاسے کیسے ٹھیک کرنا ہے یہ سوچ رکھنا ہو گی ، اب ہمیں وہ قدم اٹھانا پڑیں گے جو پاکستان نے اپنی تاریخ میں کبھی نہیں اٹھائے، ملک کا علاج قرضوں سے ہو نہیں سکتا۔پنشن کا خرچہ ایک صوبے کو چلانے جتنا ہے انقلابی تبدیلیاں لانی پڑیں گی ،سب کو اکٹھے ہونا پڑے گا انہوں نے کہا کہ جنہوں نے میرے اوپر قاتلانہ حملہ کرایامجھے معلوم ہے لیکن میں ملک کی خاطر معاف کرنے کیلئے تیار ہوں، جب فتح مکہ ہوا تو نبی کریم ؐنے ان لوگوں کو معاف کر دیا، نیلسن منڈیلا نے اسی سنت پر چلتے ہوئے سب کو معاف کیا ۔ ہفتے کو پہلا جلسہ ہے، مجھے پتہ ہے کہ مجھے راستے سے ہٹانے کیلئے ایک اور پلان بنا ہوا ہے اور مجھے پتہ ہے کون لوگ اسکے پیچھے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ مجھ پر اب تک 74 ایف آئی آرز درج ہوچکی ہیں، ہمارے لوگوں کو کہا گیا ن لیگ میں جاؤ ، مجھ پر کاٹا لگادیا گیا ہے، ظلم اورخوف پھیلا کر تحریک انصاف کوختم کرنے کی کوشش کی گئی، جس طرح میرے لوگ کھڑے ہوئے ہر چیز برداشت کی میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پشاور میں اتنے لوگ نکل آئے کہ پولیس گرفتار ہی نہیں کرپائی، جیل بھرو تحریک میں ہمارے لوگوں پرظلم کیا گیا ، آج ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ہمارے دور میں 50 لاکھ نوکریاں ملیں۔

اہم خبریں سے مزید