اسلام آباد( محمدصالح ظافر ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے بری فوج کے سربراہ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار ہونے اوراس میں توقع پورا نہ ہونے کے بعد محض ایک دن بعد ہی انہوں نے ہرایک سے ملاقات کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کردیا ہے جن میں وہ بھی شامل ہیں جنیں وہ ایک عرصے گالیاں دیتے آرہے ہیں یوں گھٹنے نہ ٹیک دینے کے واشگاف اعلان کے دوسرے روز ہی وہ سرنگوں ہوگئے ہیں پاکستان مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی نے ان سے گفتگو نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے اورتاثر دیا ہے کہ عمران این آراو کی تلاش میں پاگل ہوگئے ہیں فوج کے سربراہ سے ملاقات کے لئے ان کی بے تابی نے سوشل میڈیا میں عمران کا خاکہ اڑانے والوں نے خوب رونق لگا دی ہے ،اس میں ایک شعر کی پیروڈی کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما و وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے بھی اپنا رنگ دکھا یاہے انہوں نے منقول کرکے کہاکہ ’’پرانے آرمی چیف کا کورٹ مارشل چاہتا ہوں، نئے آرمی چیف سے ملنا چاہتاہوں میری دو نمبری دیکھ کر کیا چاہتاہوں ‘‘ اکبر ایس بابر کاکہنا ہے کہ ’’نئے آرمی چیف سے ملنا چاہتا ہوں ۔ پرانے آرمی چیف کا کورٹ مارشل چاہتاہوں اگلے آرمی چیف کو نامزد کرنا چاہتا ہوں۔ رہی سہی جو کسر تھی وہ نکالنا چاہتا ہوں۔ خدارا دووبارہ وزیراعظم بننا چاہتاہوں‘‘ اس پر ایک صارف نے تحریر کیا ہے کہ’’میری فنکاریاں دیکھ میں کیا چاہتا ہوں‘‘ ایک دوسرے نے تحریر کیا پرانے چیف کے جوتے چاٹ لئے اب ان کا کورٹ مارشل چاہتا ہوں، نئے چیف کی نظر کرم چاہتا ہوں، میری فنکاریاں دیکھ میں کیا چاہتا ہوں، ایک کارٹون بہت مشہور ہواہے جس میں زمین پر آلتی پالتی مارکر بیٹھے عمران خان فوجی بوٹ کو پالش کررہے ہیں سوشل میڈیا پر عمران خان کے اس بے چارگی سے عبارت روپ پرجی بھرکر ان کا ٹھٹھہ اڑا ریا جارہا ہے ایک جگہ آرمی چیف کو خبردار کیا گیا ہے کہ عمران ان سے ملاقات کے بعد اس کا احوال سنا کر انہیں مزا چکھا دے گا اور کہے گا کہ میں اس کامزہ چکھانا چاہتا ہوں سوشل میڈیا میں آرمی چیف سے ملاقات کی خواہش کے حوالے سے ’’پیغامات ‘‘ بھی دیئے گئے ہیں جن میں آرمی چیف سے کہا گیا ہے کہ ایک مرتبہ مجھ سے مل لیں پھر دیکھیں کہ میں سرتا پا محبت ہوں مجھ سے بڑا محب الوطن آج تک پیدا ہی نہیں ہوا۔ میری خیر خواہی کے ڈنکے چار طرف بج رہے ہیں۔ میں ثابت کروں گا کہ مجھ سے بڑھ کر فوج کاکوئی وفادار نہیں ہوسکتامیں نے ہمیشہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سپہ سالار کی دم سازی کی ہے ان کی عظیم خدمات حب الوطنی ،بہادری ، جمہوریت اور اصول پسندی کا پھریرا لہرایاہے میں اب توبہ تائب کر چکا ہوں ایک مرتبہ مجھ سے مل لیں میں کبھی جھوٹے سچے الزامات عائد نہیں کروں گا ۔میں ثبوت دوں گا کہ توشہ خانہ اورٹیریان کے مقدمے میں بالکل معصوم ہوں یہ دونوں خود بخود ہوگئے ۔سوشل میڈیا پر بہت بڑی تعداد میں صارفین عمران خان کا مذاق اڑاتے رہے، دوسری جانب بہت قلیل تعداد میں سوشل میڈیا پر عمران کے طرفدار اکبر ایس بابر اور اسٹیبلشمنٹ پر غلاظت کے ٹوکرے انڈیل رہے ہیں ان کا دعویٰ ہے کہ عمران سے زیادہ کوئی شخص دیانتدار اس ملک میں نہیں ملے گا وہ بلاوجہ کسی کو میر جعفر اور میر صادق قرار نہیں دیتا۔