کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہاہے کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس افسر گھر میں داخل ہوئے تو عمران خان کمرے میں چھپ گئے، گرفتاری کے عدالتی حکم پر عملدر آمد کے وقت ڈرپوک چوہے کی طرح بل میں گھس جاتا ہے،عمران خان کی گرفتاری میں سب سے بڑی وجہ عدلیہ میں سہولت کاری کی موجودگی ہے دوسروں پر الزام لگانے والا پولیس کو دیکھ کر چھپ جاتا ہے نشے کا عادی شخص فرد جرم کے عائد ہونے کے ڈر سے تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔وہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عطا تارڑ نے کہاکہ جب پولیس افسر گرفتاری کےلئے زمان پارک کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے تو عمران خان نے خود کو کمرے میں لاک کردیا، عملے کی جانب سے پانی دینے کیلئے دروازہ بجانے پر عمران خان پریشان ہورہے تھے، یہ بھی اطلاعات ہیں کہ گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو واش روم میں لاک کیاہے۔