• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے سیاستدانوں کا نام بدنام کر دیا، طلال چوہدری

فیصل آباد، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاستدانوں کا نام بدنام کر دیا، فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ کا عذر پیش کیا جاتا ہے اور اب الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی ڈاکٹرز نے مہم چلانے کی اجازت دیدی۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج پھر قوم جس کو لیڈر سمجھتی رہی وہ گیدڑ نکلا، پولیس والے پکڑنے نہیں صرف چیک کرنے گئے تھے کہ لیڈر میں کتنا دم خم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر گئی تھی، جتنی دیر پولیس باہر کھڑی رہی خان صاحب نے باتھ روم کا دروازہ نہیں کھولا۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو لکھ کر دیا عمران خان زمان پارک میں نہیں۔ خان صاحب کیسے لیڈر ہیں جو خواتین کو بھی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ادھر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئےپی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے عمران خان کو للکارتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے روح رواں اور امریکا کو للکارنے والے مردِ مجاہد عدالت میں حاضر ہوں، اگر دامن صاف ہے، گھڑی چوری نہیں کی تو خود کو قانون کے حوالے کرو۔ اُنہوں نے کہا کہ گرفتاری سے بچنے کیلئے خواتین اور کارکنوں کو عمران خان نے ڈھال بنایا ہے، قانون پر عمل داری کا بھاشن دینے والا قانون سے بھاگ رہا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ زمان پارک بنکر میں چھپنے سے تم نیلسن منڈیلا نہیں، بزدل اور ڈرپوک لیڈر ثابت ہوئے، اگر یہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی عام آدمی کرتا تو ان کو گھسیٹ گھسیٹ کے گرفتار کیا جاتا۔