راولپنڈی (نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک بار پھر وارنٹ جاری ہونے پرلاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں الیکشن کمیشن کے چاروںاراکین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ۔جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان نثار درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر بھروانہ اور اکرام اللہ خان کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توہین الیکشن کمیشن سے متعلق ایک درخواست پہلے بھی ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے الیکشن کمیشن نے 3 جنوری کو قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے جبکہ 16 جنوری کو ہائی کورٹ نے یہ وارنٹ معطل کر دیئے تھے لیکن الیکشن کمیشن نے 28فروری کو ایک بار پھر قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ عدالت سے معطلی کے احکامات کے باوجود وارنٹ کا اجرا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کی جائے اوردرخواست میں فریق بنائے گئے چاروں اراکین کیخلاف کارروائی کی جائے۔