کراچی(اسٹاف رپورٹر ) مئیر کراچی و چیئرمین سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحی انتظامات کے لئے سالڈ ویسٹ کی پوری ٹیم، ڈپٹی مئیرسلمان مراد، ایم ڈی سالڈ ویسٹ امتیاز علی شاہ،باالخصوص سینیٹری ورکرز، ضلعی انتظامیہ،ٹاؤن چیئرمین، یوسی چیئرمین،ڈپٹی کمشنرز، سیاسی نمائندے، اسکاؤٹ بچے، ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور مثبت رپورٹنگ، سب نے اپنی ذمے داری سمجھی اور انتظامات بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا، اس کے ساتھ ساتھ جہاں شکایات تھیں، ان سے بھی آگاہ کیا، میں سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وہ اتوار کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا 5روزہ ا ٓلائش آپریشن تھا،آج بھی اہلحدیث قربانی کرتے ہیں، عملہ گراؤنڈپر موجود ہے، میں خود گراؤنڈ پر موجود تھا، سارے انتظامات خود مانیٹر کئے، عید سے ایک دن پہلے بوہری برادری قربانی کے فرائض انجام دیتی ہے، جس پر کچھ لوگوں نے تنقید بھی کی، انہیں 75سال بعد یہ معلو م ہوگیا ہوگا کہ بوہری برادری کی قربانی عید سے ایک دن پہلے ہوتی ہے اور آلائشیں عید سے ایک دن پہلے بھی اٹھائی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سالڈ ویسٹ کے زیرانتظام عیدالاضحیٰ کے موقع پر مجموعی طور پر 113,435 ٹن آلائشیں و کچرامحفوظ طریقے سے لینڈ فل سائٹ پر خندقوں میں منتقل کیا گیا،جس میں آلائشیں 82,435ٹن اورکچرا 31,000 ٹن ہے۔ آلائشیں محفوظ طریقے سے خندقوں میں دفن کی گئیں، آلائشیں اٹھانے اور کلیکشن پوائنٹس کلیئر کرنے کے بعد چونے کا چھڑکاؤاور اسپرے یقینی بنایا گیا۔دیگر تفصیلات میں ضلع شرقی میں مجموعی طورپر21,129 ٹن، جنوبی 19,679ٹن، ملیر 11,505 ٹن، غربی 11,571 ٹن، وسطی 23,477ٹن، کیماڑی 13,082ٹن اور ضلع کورنگی میں 12,992 ٹن آلائشیں و کچرا اٹھایا گیا۔ میئرنے اعتراف کیا کہ آلائشیں اٹھانے کے عمل میں انہیں مختلف چیلنجز کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہاتھوں میں چھریاں لے کر آلائشیں کاٹ کر گندگی پھیلا رہے تھے، ہم نے فوری طور پر پولیس کو آن بورڈ لیا اور 115 افراد کو گرفتار کروایا، جن میں سے 91 صرف ضلع وسطی کے تھے، اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ اگلے سال انتظامات کے سلسلے میں پولیس کو بھی پہلے سے آن بورڈ لیا جائے گا، کچھ لوگ سوشل میڈیا پرتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ کام نہیں ہورہا، لیکن عید کے تیسرے دن وہی لوگ ہمارے کام کی تعریف کررہے تھے۔