کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ پولیس، رینجرز اور شہری اداروں نے محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے ہنگامی منصوبے تیا ر کرلئے ، محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا اس موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری قائم کی جاے گی جلوسوں اور مجالس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور بہتر شہری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے، وہ کمشنر کراچی کلب میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے موقع پر مرکزی جلوس سمیت تمام اہم جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،ٹریفک پولیس منتظمین کی مشاورت سے انتظامات کرے گی، کمشنر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مراکز شکایت قائم کئے جا ئیں گے، اجلاس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما ، علمااور منتظمین بھی موجود تھے۔