کراچی(این این آئی)کراچی میں آن لائن قرضہ ایپ سےسود پرقرضہ لینے والا شہری 28سو روپے لیکر 4لاکھ 30ہزار روپے کا سود ادا کرچکا ہے تاہم ابھی تک اس کا قرض ختم نہیں ہوا، شہری کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو تحریری درخواست دینے کے باوجود اب کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق آن لائن قرضہ ایپس سے ادھار لینے کے سبب عام شہری خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے، شہری رقم لینے کے بعد سکون کے بجائے بڑی مصیبت میں پھنس جاتے ہیں۔ان ایپس کو چلانے والے دھوکہ باز افراد کا نشانہ نے والے چند متاثرین نے اپنے ساتھ گزرنے والی داستانیں سنائی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان ایپس پر نوے دن کا کہہ کر قرضہ دیا جاتا ہے اور ایک ہفتے بعد ہی کمپنی رقم کا تقاضا کرنا شروع کردیتی ہے اور نہ دینے کی صورت میں مغلظات اور رشتہ داروں کے نمبرز پر رابطہ کرکے ان کو بتانے، فیملی کی تصاویر اور کال ریکارڈ لیک کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔