کراچی کے علاقے کالا بورڈ کے قریب آج وکلاء نے احتجاج کیا جس سے نیشنل ہائی وے کا ایک ٹریک بند ہو گیا تاہم وکلاء نے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا۔
پولیس کے مطابق احتجاج ختم ہونے پر ملیر کالا بورڈ پر ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔
اس سے قبل ٹریفک پولیس نے وکلاء کی جانب سے احتجاج کے باعث ڈرگ روڈ سے ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر ٹریفک منتقل کر دیا تھا۔
اس حوالے سے صدر ملیر بار ایسوسی ایشن راؤ زاہد علی نے ’جیونیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ملیر بار ایسوسی ایشن کے وکلاء نے کالا بورڈ پر احتجاج کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج ایس ایچ او ماڈل کالونی کے خلاف کیا گیا۔
راؤ زاہد علی کے مطابق تھانے کے عملے نے نائب صدر ملیر بار ایسوسی ایشن سے بد تمیزی کی اور انہیں دھکے دیے۔
اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، مقدمے میں شک کی بنیاد پر ایک شخص زیرِ حراست ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز رات گئے ایک وکیل تھانے میں داخل ہوا، جس نے شور شرابہ کیا، یہ وکیل زیرِ حراست شخص کو ساتھ لے جانے آیا تھا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ زیرِ حراست شخص کو نہ چھوڑنے پر وکیل حامیوں کو بلا لایا ہے، وکیل سمیت دیگر افراد نے تھانے پر بھی رات گئے احتجاج کیا ہے۔