کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں تمام پلوں پر لگے بینر، جھنڈے اور تار وغیرہ فوری طور پر اتارے جائیں اور روشنی کا انتظام کیا جائے ہر علاقے میں متعلقہ افسران انفرااسٹرکچر کو بہتر رکھنے کے ذمہ دار ہیں غیر قانونی روڈ کٹنگ کو ہر صورت میں روکاجائے، آئندہ روڈ کٹنگ کے ذمہ دار کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں محکمہ انجینئرنگ کے افسران کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے قریب بنائی جانے والی سڑک اور نرسری کے علاقے میں حال ہی میں تعمیر ہونے والی سڑک کی حالت خراب ہوچکی ہے اور مختلف سڑکوں پر لگائی گئیں اسٹریٹ لائٹس موجود نہیں۔علاوہ ازیں میئر کراچی سے برطانیہ کی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر Ms. Zoe Ware نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، میئرکراچی نے کہا کہ کراچی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، برطانوی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی،برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان کو مختلف شعبوں میں پہلے بھی تعاون فراہم کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔