• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی الیکشن، پی ٹی آئی نے غیر حاضر اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے خط لکھ دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئر کراچی کے الیکشن میں شرکت نہ کرنے پر اپنے 28 بلدیاتی نمائندوں کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

پی ٹی آئی نے خط میں الیکشن کمیشن سے منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، خط میں وسیم عبدالوحید، طاہر پرویز، عمران پروانی، اسد امان سمیت 28 اراکین کے نام شامل ہیں، مخصوص نشستوں پر منتخب صنوبر فرحان اور عزیر صدیقی کا نام بھی فہرست میں موجود ہے۔

خط بلدیہ عظمیٰ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشرحفیظ اللّٰہ حق نے الیکشن کمیشن کو ارسال کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ منحرف اراکین نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی۔ الیکشن کمیشن سے آئین کے تحت ان اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح  رہے کہ 15 جون کو ہونے والے میئر و ڈپٹی میئر کراچی کے الیکشن میں حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے جبکہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار مرتضیٰ وہاب تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے 31 ارکان کے غیر حاضر رہنے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہو گئے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ ملے تھے۔

قومی خبریں سے مزید