وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عراق سے آنے والے 6 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں امتیاز حسین، زمیر حسین، محمد عمران، اندلیپ حسنین، جلیل احمد اور جواد حسین شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے پاسپورٹس پر عراق کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے جبکہ ملزمان کے پاسپورٹس پر لگی انٹری اسٹیمپس بھی جعلی نکلی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے عراق پہنچے اور انہوں نے ایجنٹ کی مدد سے گبد بارڈر پار کیا۔
گرفتار ملزمان کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔