• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔سر میں نے ELTL (English Language Teaching & Linguistics) کیا ہے لیکن میں ٹیچنگ کا شعبہ نہیں اختیارکرنا چاہتا۔پاکستان میں لیکچرشپ کے لئے PPSC کی ELTL Degree نہیں مانتے۔ برائے کرم مجھے بتائیں کہ پاکستان و بیرون ملک اس ڈگری کا کیا اسکوپ ہے؟ (محمد آصف۔اسلام آباد)
ج۔ELTL ایک بہت بہترین اور مضبوط مضمون ہے ،اسی شعبے میں آگے بڑھنے کے لئے آپ کو چند سال کام کرنا پڑے گا اور یہ تجربہ حاصل کرنے کے بعد آپ UAE اور KSA میں مختلف اسکولوں اور ٹریننگ سینٹرز میں ملازمت کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں اور مجھے اُمید ہے کہ بہتر ملازمت کے مواقع آپ کے منتظر ہوں گے۔
س۔سر میں نے مائیکروبائیولوجی میں داخلہ لیا ہے برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ بی ایس سی مائیکروبائیولوجی کرنے کے بعد میں کس شعبے میں جا سکتا ہوں اور ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے یا نہیں؟ (ظفر حسن۔ کراچی)
ج۔ مائیکروبائیولوجی ایک بہت بہترین مضمون ہے اور مستقبل میں آپ کو اس شعبے میں بے شمار آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔میرا مشورہ ہے کہ بی ایس سی کرنے کے بعد آپ ایم ایس سی سیلولر بائیولوجی یا ڈی این اے سائنس میں اسپیشلائزیشن کر سکتے ہیں۔
س۔میرے بھائی نے ایف ایس سی پری میڈیکل کیا ہے اور اس کا مضبوط ارادہ ہے کہ وہ BSCN بیچلرز آف نرسنگ میں اپلائی کرے اور اس نے آغا خان یونیورسٹی میں اپلائی کیا تھا لیکن کامیاب نہیں ہو سکا۔آپ سے گزارش ہے کہ مشورہ دیں کہ میرا بھائی دوبارہ اگلے سال داخلہ لے یا کسی اور کورس میں اپلائی کرے ۔براہ کرم آپ بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ (ایاز ملک۔کراچی )
ج۔نرسنگ پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر اسپتالوں اور میڈیکل کالجوں میں کرائی جاتی ہے لیکن میں آپ کے بھائی کو یہ مشورہ دوں گا کہ وہ بی ایس سی مائیکروبائیولوجی یا بائیوکیمسٹری میں کرے اور یہ کرنے کے بعد وہ ایک اچھامیل نرس بن سکتا ہے۔
س۔سر میں نے ایم بی اے ایچ آر ایم کیا ہے اور میں نے بی کام ورچوئل یونیورسٹی سے کیا ہے۔ان دنوں میں ایک کمپنی میں اسٹاک اینڈبلنگ منیجر کے طور پر کام کر رہا ہوں لیکن میں ایچ آر ایم کے شعبے میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتا ہوں ۔برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ ایسے کون سے کورسز ہیں جس کو کرنے سے میں ایچ آر ایم کے شعبے میں آگے بڑھ سکتا ہوں ؟ (فرحان طارق۔ پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Chartered Institute of Personal Development, UK کی ویب سائٹ دیکھیں جس میں آپ کو نئی ایچ آر ایم تھیوری کا پتہ چل سکتا ہے اور اگر کوئی نئے شورٹ کورسز کرائے جا رہے ہیں تو آپ ان میں سے کوئی ایک کر سکتے ہیں۔
س۔میں سرسید یونیورسٹی میں بی ایس سی ایس کا طالبعلم ہوں، برائے کرم مجھے مشورہ دیں کہ میں اس کے بعد ماسٹرز میں کون سی اسپیشلائزیشن کروں جس کے بعد مجھے ملازمت کے اچھے مواقع حاصل ہوں۔(علی جمال۔حیدرآباد)
ج۔میرا مشورہ کہ آپ ایم ایس سی کمپیوٹر کمیونی کیشن اینڈ نیٹ ورکنگ میں کریں،بی ایس سی ایس اور ایم ایس سی کے اس بہترین کمبینیشن کے بعد ملازمت کے مواقع بھی اچھے ہوں گے۔
تازہ ترین