اسلام آباد (کامرس رپورٹر) کابینہ کمیٹی بین الحکومتی ٹرانزیکشن نے کراچی پورٹ کارگو ٹرمینل اور متحدہ عرب امارات کے اے ڈی پورٹ کے مابین ٹرانزیکشن کے معاہدے کیلئے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی،کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا اجلاس میں وزیربحری امور فیصل علی سبزواری،وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر بجلی خرم دستگیر خان، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی ریونیو طارق محمود پاہا، سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، سیکرٹری قانون ، چیئرمین کے پی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،سی سی او آئی جی سی ٹی نے مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا جس نے کراچی پورٹ پر بلک اور جنرل کارگو ٹرمینل کی ترقی کیلئے 8 اگست 2023 کو دو اجلاسوں میں غور و خوض کیا کمیٹی نے مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات کو ان شرائط سے مشروط منظور کیا کہ رعایت کنندہ 25 ملین ڈالر ناقابل واپسی، غیر ایڈجسٹ ایبل پیشگی خیر سگالی کے طور پر ادا کریگا،متحدہ عرب امارات کی حکومت کی ملکیت والی فرم اگلے 7سال میں ریونیو شیئرنگ کیخلاف پہلے 5 سال کیلئے 3 ملین ڈالرسالانہ اور اگلے دو سال ہر ایک 5 ملین ڈالر کیساتھ مزید 25 ملین ڈالر ادا کریگی ٹرمینل کو جدید بنانے کیلئے کنسیشنر ستمبر 2023 سے ترقیاتی کام شروع کر دیگا، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کے ڈی ایل بی سے متعلق تمام ذمہ داریاں اے ڈی پورٹس کی ہونگی۔