• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاتی حکومت نے کراچی پر بجلی گرا دی، کے الیکٹرک نرخ میں 3 روپے 31 پیسے اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت نے جاتے جاتے کراچی پربجلی گرادی ہے اور نیپرا نے کے الیکٹرک نرخ میں 3روپے 31پیسے اضافے کی منظوری دیدی ہے، فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونے والے اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ، اضافہ شہر قائد کے صارفین کو ماہ اگست کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے۔ الیکٹرک کی درخواست پر جون 2023 کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے)میں تین روپے اکتیس پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہےیہ اضافہ صارفین کو ماہ اگست کے بلوں کے ذریعے منتقل کیا جائے گا ایف سی اے کا اطلاق نیپرا کی عوامی سماعت اور جانچ پڑتال کے بعد کیا جاتا ہے، جو کے الیکٹرک اور سرکاری اداروں کیلئے منعقد کی جاتی ہیں۔ نیپرا اتھارٹی اس مدت کی بھی وضاحت کرتی ہے جس کے دوران ایف سی اے صارفین کو بلوں کے ذریعے منتقل کیا جانا ہوتا ہے۔ ایف سی اے کا انحصار عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں پر ہوتا ہے اور یہ نیپرا اور حکومت پاکستان کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت صارفین کو بلوں کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔ اقتصادی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کے ذرائع استعمال اور فرنس آئل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ایف سی اے میں اضافہ ہوا ہے۔ مارچ 2023ء کے مقابلے میں جون 2023ء میں فرنس آئل کی قیمت 6فیصد بڑھ گئی۔ تاہم پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) سے خریدی گئی آر ایل این جی کی قیمت میں 6فیصد اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) سے خریدی گئی آر ایل این جی کی قیمت میں 2فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سی پی پی اے جی سے خریدی گئی بجلی کی قیمت میں 1فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو نیپرا کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔

اہم خبریں سے مزید