کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی جامعات میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے پاکستان کا 76 واں جشن آزادی قومی جوش وجذبے سے منایا، اس موقع پر جامعات میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور پرچم کشائی کی گئی۔کراچی یونیورسٹی،ڈاؤ یونیورسٹی ، جناح سندھ ،ماجو اور وفاقی اردو یونیورسٹی میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا،ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہےکہ قوموں میں عمومی معاملات میں اختلاف رائے کی گنجائش ہوتی ہے لیکن ملکی سلامتی اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ طلبا و نوجوان پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے جدوجہد کریں اور کسی کی باتوں میں نہ آئیں،۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے یوم آزادی کی تقریب میں طلباء سے خطاب میں کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے جدوجہد آزادی میں جو قربانیاں دی ہیں وہ آزادی اور جمہوریت کی اہمیت کی یاد دہانی ہیں، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ زندہ قوموں کے لئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے ۔وفاقی اردو یونیورسٹی کے قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاءالدین نے پاکستان کی 76 ویں جشن آزادی کی تقریب و پرچم کشائی کے موقع پراساتذہ، غیر تدریسی عمال اور طلباءسے خطاب کیا۔دریں اثناء ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن میٹرک بورڈ یونٹ کے زیر اہتمام 76ویں پاکستان کی یوم آزادی کی سالگرہ کی تقریب میٹرک بورڈ سماعت گاہ میں ہوئی تقریب سے پہلے پرچم کشائی چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کی۔