کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی عدم توجہی اور قبضہ میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر کی بیشتر سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر اسٹریٹ لائٹس کے ناکارہ اور بند رہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ کراچی کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی بار بار کھل کر سامنے آرہی ہے، میئر شپ لینے کے فوری بعد موصوف نے اعلان کیا تھا کہ شہر بھر کی شاہراؤں اور سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کا نظام بہتر کیا جائے گا اور انہیں درست کر کے روشن کیا جائے گا مگر بدقسمتی سے دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا میئر اپنے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہے ہیں اور شہر اندھیروں میں ڈوب چکا ہے، تمام ڈسٹرکٹس میں اس حوالے سے کام کرنے والی صرف 5گاڑیاں ہیں جن میں سے تین ناکارہ ہیں، عملہ توموجود ہے لیکن اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے لیے ضروری سامان میسر نہیں، شہر کی ابتر صورتحال اور شہریوں کو پانی کی قلت، صفائی ستھرائی اور سیوریج کا ناقص انتظام، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت درپیش مسائل ان کے دعوؤں کی نفی کررہے ہیں اور ثابت کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اس شہر سے بالکل سنجیدہ نہیں ہے۔