• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔میں بی بی اے آنرز،بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد سے کر رہا ہوں،مجھے اپنے کریئر کے حوالے سے رہنمائی چاہئے۔یہ میرا آخری سمیسٹر ہے اسے مکمل کرنے کے بعد میںگریجویٹ ہو جائوں گا۔مجھے بتائیںکہ میں آگے کس ڈگری میں اپلائی کروں یا مجھے کوئی ملازمت اختیا ر کرنی چاہئے؟ اس کے علاوہ میں اپنے بھائی کے لئے بھی پوچھنا چاہتا ہوں،وہ الیکٹرونک انجینئر ہے اور دو سال سے ملازمت کی تلاش میں ہے اس کے لیے آپ کیاتجویز کریں گے؟ (فاروق علی۔اسلام آباد)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ کو چند سال اپنی فیلڈ یعنی کامرس یا انڈسٹری میں ملازمت اختیار کرنی چاہئے،اس کے بعد آپ ایم بی اے یا کسی ماسٹرز میںجاسکتے ہیں ۔اور جہاں تک آپ کے بھائی کا سوال ہے تو میرا مشورہ ہے کہ انھیں ایک اچھا اور مناسب سی وی بنانا ہو گا اور اچھی ملازمت کی تلاش کے لئے اپنی کوشش جاری رکھیں۔
س۔ سر میں نے یو ای ٹی لاہور سے Architectural Engineering کی ہے اور میں نے ایم ایس سی Architectural Engineering میں اپلائی کیا ہے برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ مجھے ایم ایس سی کرنی چاہئے یا میں کسی جاب کے لئے اپلائی کروں؟میں نے چند ایک کمپنیوں میں اپنا سی وی بھیجا ہے لیکن مجھے سیلری کے حوالے سے کوئی اچھا جواب نہیں ملتا،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں۔(انعم اختر۔لاہور)
ج۔میںیہ سمجھتا ہوں کہ Architectural Engineering میں بیچلرز ڈگری کافی ہوتی ہے ،بلڈنگ اور ڈیزائن میں اپنا کیریئر بنانے کے لئے میں آپ کو یہ مشورہ دوںگاکہ آپ اپنا سی وی بنائیں اور لاہور میں موجود بلڈرز کو بھجوائیں اور کوشش کریں کہ آپ کوانٹرن شپ مل جائے جس سے آپ کو پریکٹیکل کام سیکھنے کا موقع ملے گا اور یہ جاننے کا کہ Architects کیسے کام کرتے ہیں اور ایک دفعہ جب آپ مختلف پروجیکٹس پر کام کرنا شروع ہو جائیں گی تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ پروجیکٹ مینجمنٹ کی ڈگری کر سکتی ہیں ۔ تب یہ آپ کے مستقبل کے لئے بہترین ثابت ہو گی۔
س۔میں نے ایم بی اے ،بینکنگ اینڈ فنانس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے کیا ہے اور 2004 سے میں بینکنگ سیکٹر میں کام کررہا ہوں۔مجھے مشورہ چاہئے کہ میں بینکنگ اینڈ فنانس سیکٹر میں آن لائن کورسز کروں اور اسی فیلڈ میں اپنا کیریئر جاری رکھوں یا کسی اور فیلڈ میں اپنا کیریئر بنائوں؟(احمد رضا۔اسلام آباد)
ج۔یہ ایک بہترین کیریئر ایریا ہے اور میرا مشورہ ہے کہ آپ جس کمپنی/فرم میں بھی ملازمت کر رہے ہیں اسے جاری رکھیں اور کوشش اور سخت محنت کریں جس سے آپ کی ایک بہترپروفائل بنے۔اپنی فیلڈ کا جتنا زیادہ تجربہ آپ کو حاصل ہو گا اتنے ہی آپ کے آگے بڑھنے کے مواقع زیادہ ہوں گے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس مقام پر آن لائن شارٹ کورسز آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
س۔میں نے ایم اے ایجوکیشن کیا ہے اور ایک انگلش میڈیم اسکول میں ٹیچر ہوں،برائے کرم مجھے مشورہ دیں کہ TEFL کا ڈپلومہ کرنا میرے لئےفائدہ مند ثابت ہوگاBZUمیں ڈسٹنس لرننگ ڈپلومہ کروایا جا رہا ہے کیا یہ ڈپلومہ میرے کیریئر کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا؟ (آمنہ سعید۔ملتان)
ج۔یہ پروفیشنل ڈپلومہ آپ کے کیریئر کے لئے بہترین ثابت ہو گا خصوصاََ ٹیچنگ کے شعبے میںان اساتذہ کو اہمیت دی جاتی ہے جن کو انگلش لینگوئج میں مہارت حاصل ہو اور آج کل زیادہ ترا سکولوں میں اساتذہ بھرتی کرتے وقت انگریزی زبان پر عبور حاصل ہونے کو ضرور مدِنظر رکھا جاتا ہے ۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ یہ ڈپلومہ جاری رکھیں۔
س۔میرا بیٹا این ای ڈی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہے اور اس نے الیکٹرونک انجینئرنگ کا پہلا سال مکمل کرلیا ہے اور ماشاء اللہ اس کا سی جی پی اے 3.80ہے۔میرا یہ ارادہ ہے کہ میں اسے ماسٹرز میں فل اسکالرشپ کے ساتھ جرمنی بھیج دوں،آپ سے گزارش ہے کہ مجھے مشورہ دیں کہ میرا بیٹا ماسٹرز میں کون سی ا سپیشلائزیشن کا انتخاب کرے؟ (امتیازالحق۔کراچی)
ج۔آپ اپنے بیٹے کی مدد اور رہنمائی جاری رکھیں اور اگروہ اپنے بیچلرز میں 3.5یا اس سے زیادہ سی جی پی اے حاصل کر لیتا ہے تو بیرون ملک ماسٹرز میں اس کے اسکالرشپ حاصل کرنے کے مواقع بہت اچھے ہیں اور ماسٹرز کے لئے میں یہ مشورہ دوں گا کہ وہ میکاٹر ونکس کے شعبے میں جائے یا وہ ایم ایس سی کنٹرول سسٹم اینڈ ڈیزائن میں کرسکتا ہے۔
تازہ ترین