کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں کھلے مین ہول نے ایک اور بچی کی جان لے لی،بلدیہ ٹاؤن میں 4 سالہ بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق شہر میں متعلقہ محکموں کی غفلت و لاپرواہی نے ایک اور بچی کی جان لے لی۔موچکو کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں چار سالہ کمسن بچی اپنی رہائش گاہ کے قریب کھیلتے ہوئے پھسل کر ایک کھلے مین ہول میں گر گئی۔جائے وقوعہ پر موجود افراد اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی چیخ و پکار سن کر فوری طور پر اس کی مدد کو پہنچے اور اسے مین ہول سے نکال کر سول اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے بچی کی موت کی تصدیق کر دی۔متوفیہ کی شناخت 4 سالہ عمرہ بلوچ دختر باسط کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ اور اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا اور متعلقہ حکام کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے علاقے میں مین ہول کھلے ہیں اور کئی لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔رواں ماہ کے دوران کراچی میں اسی نوعیت کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے ، اس سے قبل ایک افسوسناک واقعے میں میمن گوٹھ میں یوم آزادی پر ریلی دیکھنے والا بچہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔