کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے منگل کو گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور کمشنر کراچی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون، وفود کے تبادلوں،زراعت پر مبنی صنعتوں کے قیام اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ دونوں صوبوں کا باہمی تعاون ملک کی معیشت کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا ،دونوں صوبے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں، خصوصاً زراعت پر مبنی صنعتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ گورنر سندھ کی کوششوں سے پورے ملک کے صنعت کاروں کو فائدہ ہوگا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سب کے لئے روشن مثال ہے۔ گورنر پنجاب نے امید کی گھنٹی بجائی اور طاقتور پاکستان کے راشن بیگز کا معائنہ بھی کیا۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ اورامن وامان میں بہتری کے اقدامات ، نگہبان کیمروں کی تنصیب ، اسٹریٹ کرائمز کی صورتحال ، غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف پولیس کے آپریشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لئے نگہبان کیمروں کا اہم کردار ہے۔ اسٹریٹ کرائمز کے کنٹرول کے لئے موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ پولیس امن و امان کے قیام کے لئے شب و روز محنت کررہی ہے۔