کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے اجناس کی دکانوں، گوداموں پر چھاپوں اور جرمانے اور دکانیں سیل کرنے کے خلاف پیر کو اجناس کی تمام تھوک مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرئوف ابراہیم اور دیگر جمعہ کو جوڑیا بازار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب انتظامیہ نے 125 تھوک دکانوں، گوداموں کو سیل کرکے بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔ ان میں سے بیشتر دکانیں بند بھی تھیں، لہذا کراچی کی انتظامیہ کو بند دکانیں اور گوداموں کو ڈی سیل کرنے، بھاری جرمانے واپس لینے کے لیے پیر تک کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکانیں اور گودام ڈی سیل نہ کرنے پر پیر کو جوڑیابازار سمیت اجناس کی دیگر علاقوں کی تھوک مارکیٹوں کو بھی بند کردیا جائے گا۔عبدالرئوف ابراہیم نے کہا کہ ہم ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈائون کے مخالف نہیں ہیں بلکہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے لیے بھی تیار ہیں۔