• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ڈاکو بے لگام، لیاقت آباد میں کارخانہ، شفیق موڑ پر ہوٹل میں درجنوں افراد لٹ گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ڈاکو بے لگام،لیاقت آباد میں معروف مچھلی کے بیوپاری کے کارخانے میں ملزمان کا دھاوا،شفیق موڑ کے قریب ڈکیتوں نے ہوٹل میں موجود درجنوں افراد کو لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق شفیق موڑ کے قریب واقع کوئٹہ ہوٹل پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب موٹر سائیکلوں پر سوار 10مسلح ملزمان جدید اسلحوں سے لیس ہوکر آئے اور ہوٹل پر موجود درجنوں افراد سے اسلحے کے زور پر موبائل فون نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ملزمان نے ہوٹل کے کیش کاؤنٹر پر بھی لوٹ مار کی اور وہاں سے اسلحہ لہراتے ہوئے با آسانی فرار ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد وہاں موجود افراد نے لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف احتجاج بھی کیا۔دوسری جانب لیاقت آباد میں کراچی کی مشہور معروف کٹاکٹ مچھلی فروش کا کارخانہ لوٹ گیا ،مچھلی کے کارخانے میں 5 ماہ میں دوسری واردات ہوئی ہے جس میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کارخانے میں داخل ہوئے۔ملزمان نے کارخانے کے ملازمین کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔ دونوں ملزمان نے چہرے چھپائے ہوئے تھے، ایک نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک لگا رکھا تھا۔ مسلح ملزمان کیش اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔