کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، لانڈھی، ناظم آباد، شیر شاہ، سہراب گوٹھ، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، گارڈن، صدر ، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں بارش اور کہیں بوندا باندی ہو رہی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہو رہی ہے، جبکہ چند مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ شہر کے شمال مشرقی علاقے میں شام میں بھی مزید گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، یہ بادل شہر کے مختلف مقامات پر بارش برسا سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر کے مشرقی اور جنوبی حصے میں بارش کے امکانات اچھے ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی آج مطلع ابر آلود رہنے اور دوپہر یا شام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔