• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گے خاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔
س۔سرمیں نے اے۔لیول کیا ہے اور میں ایم آئی ایس کرنا چاہتا ہوں۔برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ مجھے یہ پاکستان سے کرنا چاہئے یا بیرون ملک سے کروں، مجھے پاکستان میں اس کورس کے حوالے سے اچھی یونیورسٹیز تجویز کر دیں اور ایم آئی ایس کا کیا اسکوپ ہے یہ بھی بتائیں؟ (مصطفی عارف۔اسلام آباد)
ج۔پاکستان میں کافی اچھی یونیورسٹیاں موجود ہیں جو انفارمیشن سسٹمز میں ڈگری کراتی ہیں ان میں چند کے نام ہیں ،GIK,NUST,FAST,LUMS ۔میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ اپنے ماسٹرز میں اسپیشلائزیشن انفارمیشن سسٹمز یا سیکورٹی سسٹمز یا انٹرنیٹ بینکنک اینڈ فنانس میں کریں جس سے مستقبل میں آپ نامور مالیاتی اداروں میں ملازمت کے اہل ہوں گے کیونکہ یہ فیلڈ دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے۔
س۔ میں نے Pharm-Dبہاوالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان سے کیا ہے اور میںpharma industry میں چند ماہ سے ملازمت کی تلاش کر رہی ہوں لیکن ابھی تک مجھے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔برائے کرم مجھے بتائیں کہ مجھے ملازمت کرنی چاہئے یا اپنی تعلیم جاری رکھوں؟ میں ایم فل یا ایم بی اے میں سے کونسا ماسٹرز کروں؟ (نور فاطمہ۔لاہور)
ج۔اگر آپ ماہانہ تنخواہ والی ملازمت حاصل کرنے میں ناکام ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ انٹرن شپ تلاش کریں کسی اچھی کمپنی میں تاکہ آپ کو فیلڈ کا تجربہ حاصل ہو اور جب آپ کو تجربہ حاصل ہو جائے گا تو آپ کے ملازمت کے مواقع زیادہ ہوں گے اور آج کل تجربہ کار لوگوں کی مارکیٹ میں بہت مانگ ہے۔
س۔میں نے آپ کا کالم پڑھا ایجوکیشن کونسلنگ کے حوالے سے اور مجھے آپ سے رہنمائی چاہئے۔میں نے بی ایس سی آئی۔ٹی کیا ہے اور آئی ٹی کے شعبے میں نیٹ ورک سپورٹ انجینئر کی حیثیت سے پچھلے 6 سال سے کام کررہا ہوں،میں آگے ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ سکوں۔آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں کہ مجھے کونسی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہئے جس سے مجھے میرے کریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔(اسلم خان۔کراچی)
ج۔اگر آپ ماسٹرز میں جانا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ MSc Distrubuted Networks یا ایم ایس سی کمپیوٹر نیٹ ورکس میں کریں اور خصوصاً بیرون ملک میں سے کسی یونیورسٹی سے کریں لیکن اگر بیرون ممالک آپ مالی حالات کی وجہ سے نہیں جا سکتے تو آپ پاکستان کی یونیورسٹی سے یہ ڈگری کر سکتے ہیں ۔
س۔میں نے ایم ایس سی آرگینک کیمسٹری میں کراچی یونیورسٹی سے کیا ہے اور تقریباً چار سال سے میں ٹیچنگ کے شعبے سے منسلک ہوں،میں ایک پرائیویٹ کالج میں پڑھا رہی ہوں اور مستقبل میں لیکچرر بننا چاہتی ہوں لیکن اس کے لئے میں ایم ایس یا پی ایچ ڈی نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اس کے لئے مجھے مزید 8سال پڑھائی میں درکار ہوں گے ۔آپ سے گزارش ہے کہ مجھے ٹیچنگ سے متعلق کسی ڈگری یا ڈپلومہ کے بارے میں بتائیں جس کو کرنے کے بعد میں مستقبل میں آگے بڑھ سکوں؟
ج۔اگر آپ ایجوکیشن کے شعبے میں ہی آگے بڑھنا چاہتی ہیں تو آپ ایجوکیشن میں ڈپلومہ یا بی ایڈ کر سکتی ہیں اور آپ کے موجودہ ماسٹرز آپ کے مستقبل میں ٹیچنگ کے شعبے کے لئے بہترین ہے ۔
تازہ ترین