• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہم لوگوں کی یہ کوتاہی قسمت ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے انسان کا روئے زیبا ہمارے سامنے نہیں ہے اور نہ ہم عالمِ واقعہ میں سر کی آنکھوں سے زیارت کا شرف حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم حضورﷺ کے حسُن و جمال کی جو کچھ بھی جھلک پا سکتے ہیں وہ حضورﷺ کے پیغام اور کارنامے کے آئینے ہی میں پا سکتے ہیں۔ حضرت جابر بن سمرہؓ نے کہا ’’میں ایک مرتبہ چاندنی رات میں حضور ﷺ کو دیکھ رہا تھا، آپ ﷺ اِس وقت سُرخ جوڑا زیب تن کئے ہوئے تھے۔ میں کبھی چاند کو دیکھتا اور کبھی آپ ﷺ کو، بالآخر میں اِس فیصلے پر پہنچا کہ حضور اکرم ﷺ چاند سے کہیں زیادہ حسین ہیں‘‘۔ حضور نبی کریم ﷺ کے رُفقاء نے آپ ﷺ کی شخصیت کو الفاظ کا جو پیرہن پہنایا ہے اُس کا کوئی نعم البدل نہیں مگر اُم معبُد نے جو تصویر کشی کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ’’پاکیزہ رُو، کشادہ چہرہ،پسندیدہ خُو، نہ پیٹ باہر نکلا ہُوا، نہ سر کے بال گرے ہوئے ، زیبا، صاحبِ جمال ، آنکھیں سیاہ اور فراخ، بال لمبے اور گھنے، آواز میں بھاری پن،بلند گردن، روشن مردمک، سرمگیں چشم، باریک و پیوستہ ابرو، سیاہ گھنگھریالے بال، خاموش وقار کے ساتھ، گویادلبستگی لئے ہوئے، دور سے دیکھنے میں زیبندہ ودلفریب ،قریب سے نہایت شیریں و کمال حسین ، شیریں کلام، واضح الفاظ،کلام کمی و بیشی الفاظ سے معرا، تمام گفتگو موتیوں کی لڑی جیسی پروئی ہوئی ،میانہ قد کہ کوتاہی نظر سے حقیر نظر نہیں آتے،نہ طویل کہ آنکھ اس سے نفرت کرتی۔ زیبندہ نہال کی تازہ شاخ، زیبندہ منظر والا قد، رفیق ایسے کہ ہر وقت اس کے گرد و پیش رہتے ہیں جب وہ کچھ کہتا ہے تو چپ چاپ سنتے ہیں جب حکم دیتا ہے تو تعمیل کے لئے جھپٹتے ہیں،مخدوم ،مطاع، نہ کوتاہ سخن نہ فضول گو‘‘۔
حضور ﷺ سے اُمتیوں کے عِشق کی انتہا یہ کہ کوئی ہزاروں میل برہنا پا پیدل چل کر روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیتا ہے ۔ ربیع الاول میں میلاد کی محافل سجتی ہیں ۔ مسجدیں ، شاہراہیں ، گھر اور دیگر مقامات جھنڈیوں ، بجلی کی قمقموں ، بینرز سے سج جاتے ہیں ، ہر ایک اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق اِس عشق کا اظہار کرتا ہے مگر تاریخ میں سنہری حروف سے ذکر تو اُن عاشقانِ رسول ﷺ کا ملتا ہے جنہوں نے آپ ﷺ کے احکامات اور شریعت کے نفاذ کے لئے گھر بار چھوڑے اور دُنیا بھر میں پھیل گئے۔ حضور ﷺ کے فِدایان کے مزار ہمیں دنیا بھر میں ملتے ہیں اور یہ اِس بات کی دلیل ہے کہ وہ آپ ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لئے دُنیا بھر میں پھیل گئے تھے۔ اﷲ نے کہا کہ میں نے انبیاء کو دُنیا میں اِنصاف قائم کرنے کے لئے اُتارا۔ آپ ﷺ کی آمد کا مقصد الگ سے بیان کرتے ہوئے خالق کائنات نے کہا کہ ’’ وہی اﷲ ہے جس نے اپنے رسول ﷺ کو ضابطہ ہدایت اور دینِ حق دے کر اِس غرض سے بھیجا ہے کہ وہ اِسے دیگر تمام ادیان پر غالب کر دے، اگرچہ مشرکین کو یہ بات کتنی ہی ناگوار کیوں نہ گزرے ‘‘۔ ( سورۃ الصف ۔ ۹ )
اِس دین کے غلبے کے لئے حضور ﷺ نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ، ہجرت کی، دندان مُبارک شہید ہوئے ، اپنے پیاروں کو قربان کیا ۔ حضور ﷺ کے چچا حضرت امیر حمزہ کا مُثلہ بنایا گیا ، کلیجہ چبایا گیا ۔ حضور ﷺ کو سب سے زیادہ رنجیدہ کرنے والی شہادت اپنے چچا کی تھی۔ جن کو آپ ﷺ نے سید الشہداء قرار دِیا ۔ اپنے بارے میں حضور ﷺ نے فرمایا کہ مشکل ترین دِن طائف کا تھا جب لونڈے پِل پڑے۔ اِس قدر زخم آئے کہ نعلین مبارک خون سے تر ہو گئیں۔
آپ ﷺ کے فدائین کی قربانیوں سے متعلق کتابیں بھری پڑیں مگر اُس صحابیہ ؓکے نام سے بھی کم کم لوگ واقف ہیں جب اُحد کے معرکے میں آپ ﷺ کی شہادت کی خبر عام ہو گئی تو وہ مدینہ کی گلیوں میں دیوانہ وار دوڑ رہی تھی اور ہر ایک سے پوچھتی کہ پیغمبر خُدا کا کیا حال ہے۔ اُس کو بتایا جاتا ہے تمہارا باپ شہید ہو گیا اِنا لِلہ ِ پڑھتی اور آگے بڑھ جاتی پھر پوچھتی کسی کو آمنہ کے لاڈلے کی خبر ہے؟ بتایا جاتا تمہارا خاوند شہید ہو گیا، اِنا لِلہِ پڑھتی اور آگے کی طرف بھاگ نکلتی پھر پوچھتی کِسی کو محمد عربی ﷺ سے متعلق کچھ معلوم ہے؟ بتایا جاتا تمہارا بھائی شہید ہوگیا، اِنا لِلہِ پڑھتی اور دوڑتی بھاگتی، انسانی صفیں چیرتی پھاڑتی پھر پوچھتی ہے کسی کو رسول اﷲ ﷺ کا کچھ اَتا پتہ ہے ؟ بتایا جاتا تمہارا بیٹا شہید ہو گیا مگر اﷲ کے پیغمبر ﷺ محفوظ ہیں۔ اِنا لِلہِ پڑھ کر آپ ؓ فرماتی ہیں ۔ آپ ﷺ حیات ہیں تو باپ ، خاوند ، بھائی اور بیٹے کی قربانی کوئی بڑی بات نہیں۔
اے عاشقانِ رسول ﷺ مجھے اور آپ سب کو اپنے اپنے گریبانوں میں چند لمحوں کے لئے جھانکنا چاہئے ۔ صحابہ ؓ کے عشق کے نتیجے میں اسلام دنیا بھر میں غالب ہو گیا اور ہمارے کھوکھلے دعوؤں کے نتیجے میں ہر جگہ مغلوب ہو کے اجنبی بنا دیا گیا۔ یہ مسجد میں جاتا ہے تو اِسے سُنی ، شیعہ اور وہابی سے واسطہ پڑتا ہے۔ بیرکوں میں اس کا داخلہ ممنوع ہے کہ اسلامی ممالک کی افواج امریکہ کی غلامی اختیار کر چکی ہیں۔ مِصر کی تازہ مثال ہمارے سامنے ہے ایوان ہائے اقتدار میں شریعت محمدی ﷺ نہیں، حکمرانوں کی شریعت نافذ ہے۔ وہاں سے صرف سال میں ایک بیان آپ ﷺ سے متعلق جاری ہو جانا ہی عشق رسول ﷺ کی کل معراج ہے۔ تعلیمی اداروں میں لارڈ میکالے کا نظام ہے ۔ آپ ﷺ کی تعلیمات متروک کر دی گئی ہیں۔ عدالت میں آپ ﷺ کی شریعت نظر آتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ شریعت موجود ہوتی تو کیا آئے روز بااختیار جس طرح بچ نکلتے ہیں ، ایسے ہوتا۔ ذرائع ابلاغ میں آپ ﷺ کی شریعت کا نافذ ہے؟
دُنیا کا ہر چوتھا اِنسان مسلمان اور محمد عربی ﷺ کا دین اجنبی ، اے عاشقانِ رسول ﷺ رُک جاؤ ، غور کرو جن کے عشق میں ہم بظاہر ہلکان ہوئے جا رہے ہیں وہ کیا فرما گئے ہیں۔
’’تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ اُس کی خواہش اُس کے مطابق نہ ہو جائے جو میں لایا ہوں‘‘۔
آپ ﷺ سے متعلق اﷲ تعالیٰ نے کہا
’’جس نے اطاعت کی رسول ﷺ کی گویا اُس نے اﷲ کی اطاعت کی ( سورۃ النِساء ۔۸۰)
دوسری جگہ فرمایا ’’ اور وہ ﷺ اپنے نفس کی خواہش سے کچھ نہیں بولتے سوائے اِس کے جو کچھ وحی کیا جاتا ہے ‘‘۔( سورۃ النجم آیات ۲۔۳)
اے فِدایان رسول ﷺ، اﷲ رب العزت نے کہا کہ ’’ وَرفعنالک ذِکرک ‘‘ اور ہم نے آپ ﷺ کے ذِکر کا آوازہ بلند کر دیا‘‘ (سورۃ الم نشرح )
یہ آوازہ تو بلند رہے گا مگر جِن کے اعمال کی بنا پر اِنسان کامل ﷺ کا دین آج مغلوب ہے ، ذرا سوچئے کیا ہم آبِ کوثر سے سیراب ہو سکیں گے؟
تازہ ترین