• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سندھ حکومت اسٹیل ملز کی خریداری کیلئے رضا مند ہوگئی،سلیم مانڈوی والا

Latest News
  کراچی.........پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔  سلیم مانڈوی والا کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق سندھ حکومت نے نجکاری کمیشن کو خط کا جواب دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خط میں سندھ نے پاکستان اسٹیل ملز خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن اسٹیل ملز کے معاملے پرصوبائی حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرےاور وفاقی حکومت اسٹیل ملز کی نجکاری کے لیے شرائط و ضوابط سے آگاہ کرے۔ اسٹیل ملز کے واجبات اور قرضوں کی تفصیلات سندھ حکومت کو فراہم کی جائیں،ٹرم آف ریفرنس طے کرنے کے بعد سندھ حکومت کے ساتھ اسٹیل ملز کی خریداری کا معاہدہ طے کیا جائے۔

ادھر حکومت سندھ نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہناہے کہ وفاقی حکومت کو بھجیے گئے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ وہ کن شرائط کے ساتھ پاکستان اسٹیل ملز سندھ حکومت کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ سندھ حکومت کا موقف ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے۔ جسے ذوالفقار علی بھٹو نے قائم کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی ری اسٹرکچرنگ سے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ سندھ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی مکمل نجکاری کے خلاف ہے۔ اسٹیل ملز کے ملازمین کو بھی کسی صورت نوکریوں سے فارغ کرنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے نجکاری کمیشن کے ذریعے سندھ کو پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کی پیش کش کی تھی۔ نجکاری کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں جواب میں سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کی خریداری کے لیے رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
تازہ ترین
تازہ ترین