کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرفراز احمد کی قیادت میں کراچی قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے کے قریب ہے۔ فائنل میں فیصل آباد کو کراچی وائٹس نے 790 رنز کا ہدف دیا ، تاہم دوسری اننگز میں اس کی 6 وکٹیں 129 رنز پر گرچکی ہیں، شکست سے بچنے کیلئے مزید 661 رنز درکار ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل کے چوتھے دن کراچی وائٹس نے اپنی دوسری اننگز 370 رنز7 وکٹ پر ڈکلیئر کردی۔ اسد شفیق نے15 چوکوں کی مدد سے 113 اور کپتان سرفراز احمد نے 8 چوکوں کی مدد سے73 رنز بنائے۔ فیصل آباد کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ محمد حریرہ کو پانچ رنز پر شاہنواز دھانی نے ایل بی ڈبلیو کردیا، جس کے بعد تیمور سلطان 31، علی شان 24، آصف علی 3، عرفان خان 1 اورعلی وقاص 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان فہیم اشرف 15 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔