• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعارف
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔سر میں نے ایم سی ایس اور ایم ایس سی جینڈر اینڈ ویمن اسٹیڈیز میں کیا ہے اور کسی این جی او کے ساتھ کام یا لیکچرار بننا چاہتا ہوں۔برائے مہربانی آپ میری رہنمائی فرمائیںکہ میں ایم فِل کہاں سے کروں اور شوشل سائنس کے کون سے مضمون میںکروں؟ اس کا پاکستان میں کیامعیاراور مستقبل ہے اور اس کے علاوہ مجھے اپنے بہتر کریئر کے لئے کیا کرنا چاہئے؟ (احتشام الحق۔ملتان)
ج۔جینڈ راینڈویمن سٹڈیزایک اہم مضمون ہے اور اس کیلئے پوری دنیا میں کافی موجود ہیں۔ اگر آپ جنسی غیر مسا وات اور پاکستا نی تعلیمی نظام پر اس کے اثرات کے موضو ع کو چنتے ہیں تو آپ تعلیم سے متعلق سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میںاپنا کیر یئر بنا سکتے ہیں۔Education Management یا Education Policy ایک ایسا مضمون ہے جو آپ جینڈ راینڈویمن اسٹڈیز میں رہتے ہوئے رکھ سکتے ہیں۔ جہاںتک ایم فل کا تعلق ہے تو یہ پاکستان کی تقریباً تمام اچھی یونیور سٹیوں میں دستیاب ہے مثلًابہاؤالدین ذکر یا یو نیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی۔
س۔سر میں ماس کمیونیکیشن کا طالبعلم ہوں اور تعلیم کے چنائو میں آپ کی رہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہئے؟ برائے کرم مجھے بتائیں کے میرے کیریئر کے لئے کیا بہتر ہے؟ (نادیہ۔سیالکوٹ)
ج۔اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہی ہیں اورلوکل یا انٹر نیشنل میڈ یا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتی ہیںتو آپ کوانگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہئے ۔
س۔ سر میں نے یونیوسٹی آف لاہور میں مائیکروبائیولوجی جبکہ زراعت میں پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہے۔میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں پنجاب یونیورسٹی میں زراعت کی تعلیم جاری رکھوں کیونکہ پنجا ب یونیورسٹی ایک جانا مانا ادارہ ہے لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتی۔ میرارجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے اور میں یہ ہی کرنا چاہتی ہوں۔ برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں کہ ٹیچنگ کے شعبے میں ان میں سے کونسی ڈگری بہترہے اور ان کا کیا معیاراور مستقبل ہے؟(سحرش گل۔لاہور)
ج۔مائیکروبائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیرئیر کو چار چاندلگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔زراعت کا شعبہ خواتین کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ ِمائیکروبائیولوجی ایسا میں آپ ریسرچ تجزیہ کارکی حیثیت سے کام کر سکتی ہیں اور آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔میرے بیٹے نے حال ہی میں انڈسٹریل انجینئرنگ ،یو ای ٹی لاہور سے پاس کی ہے برائے کرم مجھے بتائیںکہ اس کو کہیں ملازمت کرنی چاہئے یاپھر اپنی تعلیم جاری رکھنی چاہئے؟ (محمداقبال۔لاہور)
ج۔ اس سوال کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا بیٹا مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرنا چاہتا ہے یا بیرون ملک سے۔ اگر وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو میں اسے مشورہ دوں گا کہ وہ مینو فیکچرنگ مینجمنٹ یا ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم ایس سی کرے جس سے نہ صرف اس کی موجودہ ڈگری کی اہمیت بڑھ جائے گی بلکہ اس کیلئے مزید بہتر مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
س۔ میں نے الیکٹرانکس میں ڈی اے ای پاکستان آرڈیننس فیکٹریز سے دو سالہ عملی تجربے کے ساتھ کیا ہے۔ اس وقت میں بطور مینٹیننس منیجر ایک آئل فیلڈ سروس کمپنی میں کام کر رہا ہوں لیکن میں اپنی تعلیمی قابلیت کو بڑھانا چاہتا ہوں۔ میں نے کئی انٹرنیشنل ٹریننگ سینٹرز سے ٹریننگ حاصل کی ہے لیکن میں اس کے ساتھ ساتھ ایک اچھی یونیورسٹی سے ڈگری بھی حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ برائے مہربانی کسی اچھی پاکستانی یا بیرون ملک موجود یونیورسٹی کے بارے میں میری رہنمائی فرمائیں جہاں سے میں آن لائن ڈگری حاصل کر سکوں۔ (محمد عاصم۔ اسلام آباد)
ج۔انجینئرنگ کی ڈگری پاکستان میں آن لائن دستیاب نہیں ہیں اور میں آپ کو مشورہ دوں گا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم ایسے اداروں سے گھربیٹھے نہ کی جائے۔میرے خیال میں ایسی ڈگری لیب اور پریکٹکل کام کے بغیر کرنا بیکار ہے۔
تازہ ترین