کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بنو قابل پروجیکٹ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی اُمید ہے،ہم کراچی کو آئی ٹی حب بنائیں گے۔ بنو قابل پروجیکٹ کے بعد کراچی میں آ ئی ٹی یونیورسٹی کی منصوبہ بند ی کی جا رہی ہے۔ ایک سال میں اس کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں الخدمت بنو قابل 2.0میں لڑکیوں کے انٹرویو سیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت بنو قابل پروجیکٹ پاکستان کے چیئر مین نوید علی بیگ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی،ڈائریکٹر بنو قابل پروجیکٹ فاروق کاملانی، سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت بنو قابل نے سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ سے معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق تمام کورس پاس کرنے والوں کوسندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کی سند دی جائے گی۔جو نوجوان الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 3آئی ٹی کورسز پاس کریں گے انہیں ڈپلومہ کی سند دیں گے جو انٹر کے مساوی ہوگی۔عالمی اہمیت کے حامل ادارے ایل آر این سے بھی ہمار امعاہدہ ہے۔