• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے اغوا ڈاکٹر بازیاب نہ ہوا تو تحریک شروع کی جائیگی‘ ینگ ڈاکٹرز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا ہے کہ اگر 72 گھنٹے کے اندر کراچی سے لاپتہ کئے جانے والے کوئٹہ کے ڈاکٹر کو منظر عام پر نہ لایا گیا تو احتجاجی تحریک شروع کرنے کے ساتھ سروسز کا بائیکاٹ بھی کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ڈاکٹر صبور ، ڈاکٹرعارف سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر اسماعیل 2 سال کوئٹہ کے سول اسپتال میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور مزید اعلیٰ تعلیم کے لئے ڈیپوٹیشن پر کراچی کے جناح اسپتال میں پڑھ رہے تھے ان کو طارق روڈ پر واقع ان کی رہائشگاہ سے 11 نومبر کو نامعلوم افراد اٹھاکر لے گئے جس کی ان کے اہل خانہ کی جانب سے فیروز آباد تھانہ کو اطلاع دی اور مقددمہ درج کرنے کا کہا جس پر مذکورہ تھانہ کے ایس ایچ او نے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسماعیل کراچی میں اپنی جان کی پروا کئے بغیر کانگو کے مریضوں کے علاج میں مصروف تھے، ایک شریف النفس ڈاکٹر کو ان کی رہائشگاہ سے اس طرح اٹھاکر غائب کرنا ظلم کی انتہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر 72 گھنٹے کے اندر ڈاکٹر اسماعیل کو منظر عام پر نہ لایا گیا تو تمام اضلاع میں سروسز بائیکاٹ سمیت احتجاج پر مجبور ہوں گے جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ نے بھی ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس احتجاج کو گلگت بلتستان تک وسعت دیں گے ۔
کوئٹہ سے مزید