کراچی (عبدالماجدبھٹی) سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر ذاکر خان خاموشی سے پی سی بی سے رخصت ہوگئے ہیں۔ چند ماہ قبل 60 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد انہیں ڈائریکٹر اسپیشل پراجیکٹ مقرر کیا گیا تھا لیکنا ن کو مزید توسیع نہ مل سکی۔ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کے قریب ہونے کی وجہ سے ذاکر خان تین دہائیوں تک پی سی بی میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے۔ دو ٹیسٹ، 17 ون ڈے انٹر نیشنل اور 91 فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے ذاکر خان کانام اور تصویر اب پی سی بی ویب سائٹ سے ہٹادی گئی ہے ، ان کا آخری اسائنمنٹ قومی اکیڈمی میں تھا ۔ دریں اثنا حیران کن طور پربورڈ کی ویب سائٹ پر نئے ڈائریکٹر محمد حفیظ کی تصویر موجود ہے البتہ مکی آرتھرکا نام نہیں ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق وہاب ریاض چیف سلیکٹر جبکہ سینئر سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی، وسیم حیدر اورمنیجر ٹیم اسٹریٹجی اور انالسٹ حسن چیمہ شامل ہیں۔