کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انتخابات کی بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں،کراچی کی تقدیر اگر کوئی بدل سکتا ہے تو وہ صرف ایم کیو ایم کے حق پرست امیدوار ہیں، خاندانی سیاست نے اس ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے،سندھ کو آباد رکھنا ہے تو پیپلز پارٹی سےاسے چھٹکارا دلانا ہوگا، صوبے کو گل گلزار بنانے کے لئے موروثی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ وہ احسن آباد ٹاؤن میں حلقہ این اے 235کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کررہے تھے۔ اس موقع پر نامزد حق پرست امیدوار برائے حلقہ این اے 235اقبال محسودنے بھی خطاب کیا، جبکہ رکن رابطہ کمیٹی آفاق جمال ، سی او سی کے انچارج فرقان اطیب و اراکین، اراکین ٹاؤن و یوسی کمیٹی ، کارکنوں حق پرست اور احسن آباد سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی نے بھی وزارت عظمیٰ کے مزے لوٹے اور پاکستان کے کا بیڑا غرق کرنے میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنا کردار بھی ادا کیا، وڈیروں اور جاگیر داروں نے شہروں اور گوٹھوں کو تباہ و برباد کردیا، ایم کیو ایم نے جمہوریت کے فروغ کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے،ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ تمام صوبوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں، ایم کیو ایم اقتدار میں آکر صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب کرے گی۔